امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف ایک خفیہ اور کامیاب آپریشن انجام دیا ہے۔
ٹرمپ کے مطابق اس کارروائی میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک بدر کر دیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا’’ریاست ہائے متحدہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کامیاب کارروائی کی ہے۔ یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے کی گئی۔ تفصیلات کچھ دیر بعد فراہم کی جائیں گی۔‘‘
امریکی فوجی حملے اور دھماکےاطلاعات کے مطابق امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس سمیت مختلف علاقوں میں حملے کیے۔ شہریوں نے زور دار دھماکوں اور طیاروں کی نچلی پروازیں دیکھی۔
امریکی میڈیا کے مطابق کاراکس میں کم از کم سات دھماکے ہوئے اور امریکی فوج نے مختلف مقامات پر زمینی اور فضائی آپریشنز کیے۔ایک امریکی عہدیدار نے خبر ایجنسی کو بتایا کہ امریکا وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائیاں کر رہا ہے۔
وینزویلا نے تصدیق کی کہ حملے کاراکس، میرانڈا، آراگوا اور لاگویرا ریاستوں میں ہوئے اور کہا کہ ان امریکی حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنی وسائل پر قبضہ کرنا ہے۔
حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا’’امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا، اور ہم اس کی فوجی جارحیت کو مسترد کرتے ہیں۔‘‘
صدر مادورو نے حملوں کے فوری بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔
روسی میڈیا کے مطابق امریکی حملوں میں وینزویلا کے دفاعی ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا اور صدر مادورو نے صدارتی محل چھوڑ دیا۔
روسی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ وینزویلا کے کئی جزائر میں امریکی میرینز کے زمینی آپریشنز بھی شروع ہو گئے ہیں۔
کولمبیا کے صدر نے کہا کہ کاراکس پر میزائل داغے جا رہے ہیں اور اس معاملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاراکس کے جنوبی علاقے میں بجلی معطل ہو گئی، شہریوں کو نقل و حرکت محدود کرنے کی ہدایت دی گئی، اور مختلف مقامات سے دھوئیں کے بادل اور آگ کے شعلے اٹھتے دیکھے گئے۔
کاراکس میں ایک آبی ذخیرے کے قریب واقع عمارت کے پاس دھماکے کے بعد فورچونا فوجی اڈے کے قریب آگ اور دھواں دیکھا گیا۔ فورچونا ایک اہم فوجی اڈہ ہے، اور علاقے میں یکے بعد دیگرے کئی دھماکے ہوئے، جن کے بعد بجلی بند ہو گئی۔
کولمبیا میں امریکی سفارتخانے نے وینزویلا میں موجود امریکی شہریوں کے لیے ہنگامی وارننگ جاری کی اور ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
امریکی شہریوں کو وینزویلا اور اس کے گردونواح میں جانے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔





