ترجمان وفاقی حکومت سندھ راجہ خلیق الزمان نے کہا ہے کہ کراچی والوں نے پی ٹی آئی کو مسترد کر دیا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ریلی میں افغان باشندوں کی اکثریت تھی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وفاقی حکومت سندھ راجہ خلیق الزماں نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں نکالی گئی ریلی عوامی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
ایک بیان میں راجہ خلیق الزماں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی میں طاقت کے مظاہرے کی کوشش کی گئی، تاہم ریلی میں مقامی شہریوں کے بجائے افغان باشندوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے باشعور عوام اب پی ٹی آئی کی سیاست اور کارکردگی کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کی سیاسی مہم جوئی میں دلچسپی نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی ریلی کو عوامی حمایت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے کراچی جیسے بڑے شہر میں اپنی کمزور سیاسی پوزیشن چھپانے کے لیے غیر مقامی افراد کو استعمال کیا۔
راجہ خلیق الزماں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، جبکہ پی ٹی آئی محض نمائشی سیاست اور الزام تراشی تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق کراچی کے عوام اب کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کر رہے ہیں، نہ کہ نعروں اور جلسوں کی بنیاد پر۔
ترجمان وفاقی حکومت سندھ کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پی ٹی آئی کو عوامی سطح پر مزید سیاسی تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا، کیونکہ عوام حقیقی خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی کو ترجیح دے رہے ہیں۔





