سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ کی عوام اب پیپلز پارٹی کو مزید نہیں دیکھنا چاہتی اور صوبے میں تبدیلی کی خواہاں ہیں۔
جامشورو میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید زین شاہ کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ خوش آئند امر ہے کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی سندھ کے عوام اور ان کے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پورے پاکستان میں عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور آزاد میڈیا، آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے لیے ہماری تحریک جاری ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ جب تک عمران خان کی اس دلی خواہش کو پورا نہیں کر لیتے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری کے لیے ہر غیرت مند اور باشعور شہری تک جائیں گے اور انہیں اس تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی عمران خان اسٹریٹ موومنٹ کی کال دیں گے، عوام بھرپور ساتھ دیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے شہید بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست کو ختم کر دیا ہے جبکہ سندھ اس وقت زرداری کے قبضے میں ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی خود کو آئین اور اٹھارویں ترمیم کی علمبردار کہتی ہے مگر افسوس کی بات یہ ہے کہ اسی جماعت نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کے ذریعے آئین کے بنیادی ڈھانچے کو بدل دیا۔
انہوں نے جناح باغ کے گیٹس پر تالے لگانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رکاوٹوں کے باوجود ہم جلسہ کر کے رہیں گے اور پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ سندھ عمران خان کا تھا اور عمران خان کا ہی رہے گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کے اصل چہرے دیکھ چکے ہیں، اب وہ تبدیلی چاہتے ہیں اور مزید اس صورتحال کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔





