انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے کی مکمل لائن اپ سامنے آگئی ہے، جس میں ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیموں نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پاکستان انڈر 19 ٹیم سپر سکس مرحلے میں اپنا پہلا میچ 27 جنوری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ دوسرا بڑا مقابلہ یکم فروری کو بھارت کے خلاف ہوگا۔ یہ میچز ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
آئی سی سی کے مطابق انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے سپر سکس مرحلے میں ابتدائی گروپس کی ٹاپ ٹیموں نے جگہ بنائی ہے، جس کے بعد مجموعی طور پر 12 ٹیمیں اس مرحلے میں شامل ہو گئی ہیں۔
ان ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، بنگلادیش اور زمبابوے شامل ہیں، جبکہ گروپ ٹو میں آسٹریلیا، سری لنکا، آئرلینڈ، افغانستان، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقا کو رکھا گیا ہے۔
سپر سکس مرحلے میں ہر ٹیم دو، دو میچز کھیلے گی، جس کے بعد ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
اس مرحلے میں ٹیموں کی کارکردگی نہایت اہم ہوگی کیونکہ ایک بھی شکست سیمی فائنل کی دوڑ کو مشکل بنا سکتی ہے۔
کرکٹ شائقین کی نظریں خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ پر مرکوز ہیں، جو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ تصور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آئی سی سی کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شمولیت سے متعلق بڑا اعلان
جبکہ دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ بنگلادیش کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہو گئی ہے۔
بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس میگا ایونٹ میں بنگلادیش کی جگہ اب اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شامل کی گئی ہے۔
آئی سی سی کے باضابطہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میگا ایونٹ میں حصہ لے گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے آئی سی سی کی تنازعہ حل کرنے والی کمیٹی کو بھیجی گئی درخواست کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی کے مطابق اس معاملے پر کوئی کارروائی کرنا ان کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔
بنگلادیش نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا اور اپنے میچز کولکتہ اور ممبئی کے بجائے سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا۔





