چین سے معاہدہ کیا تو اشیا پر 100 فیصد ٹیرف لگے گا، ٹرمپ نے کینیڈا کو خبردار کردیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ کرنے کی صورت میں سخت نتائج کی دھمکی دے دی ہے۔

صدر ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کینیڈا نے چین کے ساتھ کسی بھی قسم کا تجارتی سمجھوتہ کیا تو امریکا کینیڈا سے درآمد ہونے والی تمام اشیا پر 100 فیصد ٹیرف عائد کر دے گا۔

ہفتے کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ سوشل‘‘ پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر کینیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنے ملک کو چین کے لیے ایک ایسا راستہ بنا سکتے ہیں جہاں سے چینی مصنوعات امریکا میں داخل ہوں، تو یہ ایک سنگین غلط فہمی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کسی صورت چینی مصنوعات کو کینیڈا کے ذریعے اپنی منڈی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔

صدر ٹرمپ نے چین پر کینیڈا کے سماجی اور معاشی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ چین بالآخر کینیڈا کو اندر سے کھوکھلا کر دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کینیڈا اگر چین کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو ترجیح دیتا رہا تو اس کے نتائج سنگین ہوں گے اور بیجنگ بہت جلد اوٹاوا پر اثر و رسوخ قائم کر لے گا۔

یہ بھی پڑھیں : منی سوٹا میں کشیدگی، صدر ٹرمپ میئر اور گورنر پر برس پڑے

امریکی صدر نے یہ الزام بھی لگایا کہ کینیڈا، گرین لینڈ کے اوپر مجوزہ امریکی میزائل دفاعی منصوبے ’’گولڈن ڈوم‘‘ کی مخالفت کر کے شمالی امریکا کی سلامتی کو کمزور کر رہا ہے، حالانکہ یہی دفاعی نظام کینیڈا کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں کینیڈا کے وزیرِاعظم کو طنزیہ انداز میں گورنر کارنی کہہ کر مخاطب کیا، جسے سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اور سخت بیان قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top