خیبر پختونخوا، وادی تیراہ میں مسلسل شدید برفباری کے باعث مقامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے، تاہم پاک فوج نے فوری اور مؤثر ریلیف آپریشن کے ذریعے وادی میں معمولات زندگی بحال کرنے کا عزم دکھایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، برفباری اور شدید سرد موسم کے سبب تیراہ میں حالات زندگی دشوار ہوگئے ہیں اور کئی مقامات پر مواصلاتی رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ ایسے میں پاک فوج نے مقامی آبادی کی مدد کے لیے ریلیف آپریشن شروع کیا، جو کئی روز سے بلا تعطل جاری ہے۔
ریلیف سرگرمیوں کے دوران برف میں پھنسنے والی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات تک منتقل کیا گیا ہے۔ خراب موسم اور برفباری کے باوجود پاک فوج اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے افسران و جوان ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
امدادی کارروائیوں کے دوران متاثرہ خاندانوں کو کھانا، کمبل اور ہنگامی طبی امداد سمیت ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شدید سردی اور برف باری کے اثرات کم کیے جا سکیں۔
پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث وادی میں اہم زمینی رابطے بحال ہوئے، جس سے مقامی شہریوں کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا ہوئی۔ سخت موسمی حالات میں پاک فوج کی امدادی کوششوں پر مقامی عوام نے ان کی کوششوں کو سراہا اور ان کے عزم کی تعریف کی۔
پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود، امن کے قیام اور وادی میں معمولات زندگی کی بحالی کے عزم پر ہمیشہ ثابت قدم رہے گی۔





