اسلام آباد: بالائی علاقوں میں شدید برفباری نے ہر طرف سفیدی کی چادر بچھا دی ہے، جس سے کیلاش میں قدرتی مناظر اور بھی نکھر گئے ہیں۔
وادی نیلم میں بھی ایک مرتبہ پھر ہلکی برفباری ہوئی، جبکہ گریس ویلی میں پانچ فٹ تک برف جمع ہونے کی اطلاع ملی، جس کے باعث مقامی لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
برفباری کے باعث بجلی کی بحالی کا کام جاری رہا، تاہم گریس ویلی تک جانے والی اہم سڑک بند کر دی گئی، جبکہ وادی لیپہ میں شدید برفباری کے نتیجے میں زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوگیا۔
پاک فوج نے برفباری کے دوران شہریوں کی مدد کے لیے ہیلی ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری رکھا۔ طبی پیچیدگی کی شکار ایک مریضہ کو ہیلی ایمرجنسی سہولت کے ذریعے راولپنڈی ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔
اس کے علاوہ کوٹلی نکیال سڑک ٹریفک کے لیے بحال کر دی گئی جبکہ پیر نسورہ میں متعدد خاندانوں کو ریسکیو کر کے خوراک اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی آج سے مزید بارشیں اور برفباری متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ضلع اورکزئی: شدید برفباری میں سیکیورٹی فورسز کی امدادی و ریسکیو کارروائیاں جاری
خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد، مری اور گلیات میں بھی بارش اور برفباری کے امکانات موجود ہیں۔
بالائی علاقوں میں شدید سردی نے درجہ حرارت کو منفی سطح تک پہنچا دیا ہے۔ لہہ میں پارا منفی 14، استور، کالام اور نتھیا گلی میں منفی 9، پارا چنار اور قلات میں منفی 8 جبکہ گوپس میں منفی 7 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
مقامی انتظامیہ اور پاک فوج کے اقدامات کے سبب شہری محفوظ ہیں، لیکن عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





