موبائل فون بیچنے یا مرمت کروانے والے شہریوں کیلئے اہم خبر

موبائل فون بیچنے یا مرمت کروانے والے شہریوں کیلئے اہم خبر

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو اپنا موبائل فون بیچنے یا مرمت کے لیے دینے سے قبل اپنے ذاتی ڈیٹا کے مکمل تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم آگاہی فراہم کی ہے۔

پی ٹی اے کے مطابق صرف فیکٹری ری سیٹ کرنا ڈیٹا کی مکمل پاکیزگی کی ضمانت نہیں دیتا کیونکہ جدید سافٹ ویئر کے ذریعے حذف شدہ ڈیٹا دوبارہ حاصل (ریکور) کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ فون میں موجود ہر قسم کے ذاتی اکاؤنٹس جیسے کہ گوگل، ایپل یا سام سنگ کو لازمی سائن آؤٹ اور حذف کریں۔ اکاؤنٹس نہ ہٹانے کی صورت میں فون خریدنے یا استعمال کرنے والے نئے صارف کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈیٹا کے تحفظ کے لیے پی ٹی اے نے مشورہ دیا ہے کہ ری سیٹ کرنے سے پہلے اس بات کی تصدیق کی جائے کہ فون مکمل طور پر انکرپٹڈ (Encrypted) ہے۔ اس کے علاوہ فون کا تمام ضروری ڈیٹا گوگل ڈرائیو، آئی کلاؤڈ، میموری کارڈ یا کمپیوٹر پر محفوظ (بیک اپ) کر لینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں 6 افسران کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

پی ٹی اے کے مطابق سب سے اہم قدم ڈیٹا اوور رائٹ کرنا ہے۔ پہلی بار فیکٹری ری سیٹ کرنے کے بعد فون میں کچھ غیر اہم اور عام تصاویر یا ویڈیوز دوبارہ منتقل کی جائیں اور اس کے بعد ایک بار پھر فیکٹری ری سیٹ کیا جائے۔ اس عمل سے پرانا ذاتی ڈیٹا مکمل طور پر مٹ جاتا ہے اور اسے ریکور کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔

Scroll to Top