قائد حزب اختلاف صوبائی اسمبلی، ڈاکٹر عباداللہ خان نے باڑہ، خیبر میں تیراہ متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ تیراہ کے متاثرین ہمارے اپنے لوگ ہیں اور ان پر سیاست کرنا ناقابلِ قبول ہے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر معاملے میں سیاسی کھیل کھیلا جا رہا ہے اور عوامی مسائل نظر انداز کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کو بارہا ہدایت کی کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس فوری بلایا جائے، مگر بدقسمتی سے وزیرِ اعلیٰ اپنا بنیادی کام انجام نہیں دے رہے اور گزشتہ 100 دنوں میں صرف 10 دن دفتر میں موجود رہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا، “وزیرِ اعلیٰ اسٹریٹ موومنٹس چھوڑیں اور صوبے پر توجہ دیں۔ خیبرپختونخوا سے عشق کریں، سیاست سے نہیں۔” انہوں نے سہیل آفریدی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ “ووٹ بانی کے نام پر ملا، لیکن کارکردگی کہاں ہے؟”
ڈاکٹر عباداللہ خان نے زور دیا کہ تیراہ متاثرین کے مسائل کو سیاسی نعرہ نہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسٹریٹ موومنٹ پر سرکاری وسائل بے دریغ استعمال ہو رہے ہیں اور کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، جبکہ عوام کی زندگی مشکل ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پورے سوات میں حالات کشیدہ ہیں، وزیرِ اعلیٰ نے سیاسی تقریر کی مگر سڑکیں کھولنے کی ہدایت نہیں دی۔ خیبرپختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں رات کو نکلنا محفوظ نہیں، اور عوام میں آپریشن کے خدشات اور ذہنی دباؤ بڑھ رہے ہیں۔
ڈاکٹر عباداللہ خان نے اپیل کی کہ امن و امان کے مسائل پر ایپکس کمیٹی اجلاس بلا کر فوری مشاورت کی جائے اور صوبائی حکومت کو اپنی گورننس بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے۔





