کل ہونے والے شاندار کرکٹ ٹاکرے سے قبل آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے پریس کانفرنس میں اہم انکشافات کیے۔ مارش نے کہا کہ پاکستان کے فاسٹ بولرز کی تاریخ بہت مضبوط ہے اور شاہین آفریدی جیسے بولر ان کے لیے واقعی چیلنجنگ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا’’ہم نے پاکستانی اسپنرز کے لیے پلان بنایا ہے اور کوشش کریں گے کہ حملہ آور انداز اپنائیں۔ ہمارے لیے یہاں کی کنڈیشنز کافی چیلنجنگ ہوں گی۔‘‘مچل مارش نے بابراعظم کی بھی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں اور ان کی بطور کھلاڑی بہت عزت کرتے ہیں۔
مارش نے یہ بھی واضح کیا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے یہ سیریز انتہائی اہم ہے اور اپنے کھیلنے کے بارے میں آج رات یا کل حتمی فیصلہ کریں گے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ ہر کھلاڑی کو اپنا رول معلوم ہے اور ٹیم کی ڈیمانڈ کے مطابق کھیلنے پر توجہ دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا جیسی وکٹیں بنانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔ سلمان آغا نے بابر اعظم کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ بگ بیش میں بابر کی کارکردگی اس وقت فرق نہیں ڈالتی، موجودہ صورتحال میں ٹیم کی کارکردگی اہم ہے۔
سلمان آغا نے مزید کہا، “ٹی ٹوئنٹی میں کوئی ٹیم چھوٹی یا بڑی نہیں ہوتی۔ جسے ہم ہرا دیں، اسے چھوٹی ٹیم کہنا مناسب نہیں۔ ہر میچ میں حریف کے بجائے اپنی پرفارمنس بہتر کرنے پر توجہ دینا ضروری ہے۔ گزشتہ میچز میں کنڈیشنز ایسی نہیں ملیں کہ زیادہ رنز بنائے جا سکیں، لیکن جہاں بیٹنگ کے لیے سازگار حالات ملیں، وہاں تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی جائے گی۔”
یہ پریس کانفرنس کل کے میچ سے قبل کرکٹ شائقین کے لیے دلچسپی اور تجسس کا باعث بنی ہے، جہاں آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان مقابلہ ساری دنیا کی توجہ کا مرکز ہوگا۔





