نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ناگزیر، ملک میں سیاسی پروان ایک سرکس بن گئی ہے ۔
وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور پی ٹی آئی وادی تیراہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں صرف منفی سیاست میں مصروف ہے۔
صوبائی ترقیاتی امور کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کوئی بھی جماعت واقعی خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کر رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ایک مؤثر اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کرنا صوبے کی ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ “بدقسمتی سے ملک میں جو سیاسی پروان چڑھ رہی ہے وہ ایک سرکس ہے، جہاں ترقی اور عوام کی بھلائی کو سیاست کے ماتحت کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں کو عام لوگوں تک پہنچانے اور انہیں عملی جامہ پہنانے میں پیش قدمی کی ہے۔ نواز شریف نے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا، جس سے عوام نے براہِ راست فائدہ اٹھایا۔‘‘
عطا تارڑ نے کہا کہ فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کو روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ عوام صحیح فیصلے کر سکیں اور ملک میں حقیقی ترقی کا عمل تیز ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اربوں ڈالر کے قدرتی معدنی ذخائر موجود ہیں، جنہیں بہتر طریقے سے استعمال کرنا صوبے کی خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، کیونکہ صوبے کی خوشحالی میں نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ “بیانیے کی پالیسی زور پکڑ رہی ہے، مگر کوئی بھی پارٹی حقیقی طور پر خیبرپختونخوا کی ترقی کے بارے میں سوچ نہیں رہی۔ عوام خود دیکھیں کہ کس جماعت کی قیادت میں صوبے میں حقیقی ترقی ممکن ہے۔”
اختیار ولی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اور صحت کے شعبوں کی صورتحال پر بھی تنقید کی اور کہا کہ “صوابی میں آج تک کوئی یونیورسٹی یا بڑا ہسپتال نہیں بنایا گیا۔ صحت کارڈ پروگرام سب سے پہلے نواز شریف نے شروع کیا، جس سے ہزاروں خاندانوں کو سہولت میسر ہوئی۔”
عطا تارڑ کے ہمراہ کوارڈینیٹر اختیار ولی نے بھی خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے اجلاس میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو نہ صرف تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں بلکہ انہیں ترقیاتی منصوبوں میں شامل کر کے ملک و صوبے کی ترقی کے عمل میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جائے۔
عطا تارڑ اور اختیار ولی کا واضح پیغام تھا کہ حکومت کی نااہلی کے باوجود عوام کو خود آگاہی اختیار کرنی ہوگی اور سیاسی شعور کے ساتھ فیصلے کرنے ہوں گے تاکہ خیبرپختونخوا میں حقیقی خوشحالی ممکن ہو سکے۔





