تیراہ متاثرین کے نام پر وزیراعلی ہاؤس سے کروڑوں روپے کون وصول کررہا ہے؟ اے این پی رہنما کے تہلکہ خیز انکشافات

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما عبدالرزاق آفریدی نے خیبرپختونخوا حکومت پر تیراہ متاثرین کی امداد میں کرپشن کے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کے نام پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے کروڑوں روپے کی وصولیاں کی جا رہی ہیں جبکہ اصل متاثرین کو ان کا حق نہیں مل رہا۔

باڑہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرزاق آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ خیبر سے متاثرین کی رجسٹریشن کے اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات پر انہوں نے رجسٹریشن پوائنٹس کا دورہ کیا اور متاثرہ افراد سے ان کے مسائل سنے، جہاں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا۔

اے این پی رہنما کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ مختلف قوموں کے درمیان پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت نفرت کی فضا کا قائم ہونا ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی حکومت کے فوکل پرسن پر عائد ہوتی ہے۔

ان کے مطابق فوکل پرسن نے مقامی انتظامیہ سے اختیارات چھین رکھے ہیں جس کے باعث شفاف طریقے سے رجسٹریشن اور امداد کی تقسیم ممکن نہیں رہی۔

Scroll to Top