محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 اور 31 جنوری کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔
محکمے کی پیش گوئی کے مطابق یکم سے 3 فروری کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ژوب، نوشکی اور چمن میں بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔
بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید سردی کے ساتھ برف باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سرد موسم کے باعث دھند میں اضافے اور حدِ نگاہ متاثر ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔





