شیراز احمد شیرازی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان کو طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق علی امین گنڈاپور کو 3 فروری کو صبح 10 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے اسی روز شفیع جان کو بھی طلب کیا ہے جو سوشل میڈیا پر الیکشن کمیشن سے متعلق اپنے بیان پر وضاحت پیش کریں گے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے الیکشن 2024 کے لیے جمع کرائے گئے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی کی، جس پر ان سے اثاثوں کے حوالے سے وضاحت طلب کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور پیش ہو کر اپنے اثاثہ جات سے متعلق مؤقف بیان کرنا ہوگاجبکہ شفیع جان سے سوشل میڈیا پر دیے گئے بیان کی وضاحت لی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں اور سماعت مقررہ تاریخ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوگی۔





