تمام سرکاری ادارے خبردار! کم از کم تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنانے کا حکم جاری

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمین کو کم از کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔

چیئرپرسن نزہت صادق کی زیر صدارت اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں میں کم از کم ماہانہ اجرت کی ادائیگی پر عملدرآمد کے معاملات زیرغور آئے۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے بتایا کہ کئی ادارے حکومت کی مقرر کردہ تنخواہیں ادا نہیں کر رہے۔

انہوں نے سیکیورٹی گارڈز کی کم از کم تنخواہ 50 ہزار روپے مقرر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ انہوں نے اس معاملے کو سیکرٹری داخلہ کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔

نتاشہ دولتانہ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں فرائض سرانجام دینے والے گارڈز کو حکومت کی مقرر کردہ تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں، جس پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تمام اداروں میں کم از کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی لازمی ہے۔

اجلاس میں قومی شاہراہوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے اضافے کے مسئلے پر بھی بات ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی مہم شروع کر دی

این ایچ اے حکام نے بتایا کہ سروس اور ریسٹ ایریاز کے 16 کنٹریکٹس معطل کیے جا چکے ہیں اور قیمتوں کی نگرانی کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

قائمہ کمیٹی نے سفارش کی کہ تمام سرکاری ادارے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں اور عوامی مفاد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی جانچ پڑتال میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

Scroll to Top