بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، 41 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 41 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک کر دیے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 29 جنوری کو بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی پشت پناہی سے سرگرم 41 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پہلی کارروائی ضلع ہرنائی کے قریبی علاقے میں مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 30 خوارج مارے گئے، ہلاک  ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تھا۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جسے موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع پنجگور میں ایک علیحدہ خفیہ اطلاع پر کی گئی جس میں دہشت گردوں کے ایک اور ٹھکانے کو تباہ کر دیا گیا، اس کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 11 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد ماضی میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے، سیکیورٹی فورسز نے ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بینک ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی رقم بھی برآمد کی، برآمد شدہ رقم 15 دسمبر 2025 کو پنجگور میں ہونے والی بینک ڈکیتی سے تعلق رکھتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں پولیس کی کارروائی، ایک اور بڑا گینگ گرفتار

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔

Scroll to Top