ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سِلچوک بیرقدار اوغلونے آج جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اورچیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات کی۔
ترک فوج کے سربراہ کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے ایک دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سکیورٹی کے موجودہ منظرنامے اور دفاعی و عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکی کے تعلقات کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور قریبی رابطے اور دفاعی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکی کے دیرینہ بھائی چارے پر روشنی ڈالی جو مشترکہ تاریخ، اعتماد اور عوامی روابط پر مبنی ہے۔
انہوں نے ترک افواج کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو سراہا اور دوطرفہ عسکری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جنرل سِلچوک بیرقدار اوغلونے گرمجوشی کے ساتھ استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے تربیت، مشترکہ مشقوں اور صلاحیت سازی کے اقدامات سمیت دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔





