برطانیہ کے سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے 100 افراد کی تازہ فہرست سامنے آ گئی ہے۔
جس میں مجموعی طور پر 5.758 ارب پاؤنڈ ٹیکس جمع کرایا گیا ہے جو پچھلے سال کے 4.985 ارب پاؤنڈ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
اس سال فہرست میں کئی نئے نام شامل ہوئے ہیں، معروف گلوکار ہیری سٹائلز پہلی بار 54ویں نمبر پر آئے جنہوں نے 24.7 ملین پاؤنڈ ٹیکس ادا کیا۔
فٹبال کے دو ستارے بھی پہلی بار اس فہرست میں شامل ہوئے، مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ 16.9 ملین پاؤنڈ کے ساتھ 72ویں، اور لیورپول کے محمد صلاح 14.18 ملین پاؤنڈ کے ساتھ نمایاں رہے۔
25 سالہ ہالینڈ اس فہرست میں شامل ہونے والے کم عمر ترین ٹیکس دہندہ قرار پائے۔
ادبی اور موسیقی کی دنیا سے بھی بڑے نام فہرست میں شامل ہیں۔ جے کے رولنگ 47.5 ملین پاؤنڈ کے ساتھ 36ویں، جبکہ گلوکار ایڈ شیران 19.9 ملین پاؤنڈ کی ادائیگی کے ساتھ 64ویں نمبر پر رہے۔
اس کے علاوہ باکسر انتھونی جوشوا نے 11 ملین پاؤنڈ ٹیکس ادا کر کے فہرست میں 100ویں پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھیں: سپر ٹیکس پر عدالت کا فیصلہ،300 ارب روپے کی آمدن متوقع
یہ فہرست برطانیہ میں ٹیکس کی شفافیت اور بڑے ٹیکس دہندگان کے کردار کو اجاگر کرتی ہے اور ظاہر کرتی ہے کہ مشہور شخصیات ملکی خزانے میں کس حد تک حصہ ڈال رہی ہیں۔





