شٹر ڈاؤن ہڑتال کے حوالے سے ضلع خیبر کے عوام کے لیے ایک اہم پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ تیراہ آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے متاثرین کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع خیبر میں کسی بھی بازار کو بند نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین اس وقت سخت حالات سے گزر رہے ہیں اور روزمرہ اشیائے ضروریہ، علاج معالجے اور دیگر بنیادی سہولیات کے حصول کے لیے مقامی بازاروں پر انحصار کرتے ہیں, ایسی صورت میں بازاروں کی بندش ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔
پی ٹی آئی پارٹی قیادت نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک ذمہ دارانہ، حقیقت پسندانہ اور انسان دوست فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باوجود ضلع خیبر کے تمام بازار معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ ضلع خیبر میں حالات تاحال مکمل طور پر معمول پر نہیں آئے، اس لیے کسی بھی قسم کی بندش انسانی ہمدردی کے تقاضوں کے منافی ہوگی۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سیاسی جدوجہد اپنی جگہ، تاہم انسانی جان، عزت اور بنیادی ضروریات کو ہر صورت ترجیح دی جائے گی۔
پارٹی نے واضح کیا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں تیراہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی ایسے اقدام سے گریز کیا جائے گا جو ان کے لیے مزید پریشانی کا سبب بنے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے شٹر ڈاؤن ہڑتال پر شیر افضل مروت کا کھلا ردعمل
ضلع خیبر کی تاجر برادری، دکانداروں اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے تعاون جاری رکھیں تاکہ متاثرین کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے، بیان میں مزید کہا گیا کہ اجتماعی شعور، بھائی چارہ اور انسان دوستی ہی قوم کی اصل طاقت ہے۔





