پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں راولپنڈی فرنچائز کے ساتھ منسلک ہو گئے ہیں۔
فرنچائز نے انہیں صدر کرکٹ افیئرز مقرر کیا ہے۔ اس سے قبل انضمام الحق پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور لیگ کے انتظامی و کرکٹ امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انضمام الحق کی تقرری کا مقصد ٹیم کے کرکٹ ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانا اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کو یقینی بنانا ہے، تاکہ فرنچائز آئندہ سیزن میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتر سکے۔
پی ایس ایل 11 کے لیے راولپنڈی کی ٹیم نے ایک متوازن اور مضبوط اسکواڈ ترتیب دیا ہے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ اس ایڈیشن کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جنہیں 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں خریدا گیا۔
نیوزی لینڈ کے بیٹر ڈیرل مچل کو 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جو ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو مزید تقویت دیں گے۔
اسی طرح تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر کو 5 کروڑ 40 لاکھ روپے میں حاصل کیا گیا، جبکہ بنگلادیش کے لیگ اسپنر رشاد حسین کے لیے 3 کروڑ روپے کی کامیاب بولی دی گئی۔ انگلینڈ کے بیٹر لاری ایونز کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے میں خریدا گیا ہے۔
مقامی کھلاڑیوں میں عماد بٹ، عبداللہ فضل اور کامران غلام بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، جو ٹیم کے توازن میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ہم دھمکیاں نہیں دیتے، لیکن مطالبات کے بغیر پیچھے نہیں ہٹیں گے، محمود خان اچکزئی
کرکٹ حلقوں کا ماننا ہے کہ انضمام الحق کی قیادت میں کرکٹ افیئرز کے معاملات مزید منظم ہوں گے اور راولپنڈی فرنچائز پی ایس ایل 11 میں سخت مقابلے کے لیے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
نئی انتظامی ترتیب اور مضبوط اسکواڈ کے باعث ٹیم کو ایونٹ کی مضبوط دعویداروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔





