وزیراعظم شہباز شریف کا طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ،کامیابی پر نیک تمنائیں، دورۂ پاکستان کی دعوت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کی جماعت کی تاریخی اور شاندار انتخابی کامیابی پر حکومت اور عوامِ پاکستان کی جانب سے دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نے بنگلہ دیش کے عوام کو عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بھی مبارکباد دی اور اسے بنگلہ دیشی قوم کے جمہوری نظریات، سیاسی شعور اور جمہوری اقدار کی عکاسی قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بنگلہ دیشی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو تجارت، معیشت، ثقافت اور عوامی روابط سمیت تمام شعبوں میں فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری اور قومی مفادات کا مکمل احترام کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے بیگم خالدہ ضیا کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان و بنگلہ دیش کے تعلقات میں ان کے کردار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : بنگلادیش انتخابات: عوام کا حتمی فیصلہ سامنے آگیا، کس جماعت نے میدان مار لیا؟

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے طارق رحمان کو جلد از جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر انہوں نے شکریہ ادا کیا۔

طارق رحمان نے بھی وزیراعظم کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں قریبی رابطے میں رہنے اور باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

Scroll to Top