تحریک تحفظ آئین پاکستان کا دھرنا دوسرے روز میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ تحریک کی قیادت اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر محصور ہیں۔ ذرائع کے مطابق قیادت نے گزشتہ رات بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر ہی گزاری۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا ہے اور کسی کو عمارت کے اندر جانے یا باہر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔سکیورٹی سخت ہونے کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے تمام دروازوں پر تالے لگا دیے گئے ہیں۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان اور پی ٹی آئی کی قیادت کو خوراک کی فراہمی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کو کھانا اندر لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ صبح ناشتہ بھی پہنچانے سے روک دیا گیا، جس کے باعث رہنما بھوک اور تھکن کا شکار بتائے جا رہے ہیں۔
صورتحال کے پیشِ نظر سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ دوسری جانب حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔





