پاکستان تحریک انصاف نے اپنے بانی چیئرمین عمران خان کی صحت اور اڈیالہ جیل سے ممکنہ طور پر اسپتال منتقلی سے متعلق زیرِ گردش خبروں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیے بغیر خفیہ طور پر علاج کے لیے منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
بیان کے مطابق اگر ایسا کوئی قدم اٹھایا گیا تو یہ بنیادی انسانی حقوق اور قانونی تقاضوں کی صریح خلاف ورزی ہوگا۔
پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ عمران خان کو خاندان اور معالجین کو اطلاع دیے بغیر کسی مقام پر منتقل کرنا یا ان کی عدم موجودگی میں طبی معائنہ شروع کرنا آئین اور جیل قوانین کے منافی ہوگا، جسے ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کی رازداری مناسب نہیں اور ماضی کی طرح معلومات چھپانا ان کی جان کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کا طبی معائنہ اور علاج ان کے ذاتی ڈاکٹروں اور کم از کم ایک قریبی رشتہ دار کی موجودگی میں کرایا جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔





