جماعت اسلامی کا آج ملک بھر میں احتجاج کا اعلان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے آج ملک بھر میں یومِ احتجاج منانے کا اعلان کر دیا ہے۔  

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ اسمبلی پر دھرنے سے روکنے کے لیے جماعت اسلامی کے پُرامن کارکنان پر مبینہ پولیس تشدد، لاٹھی چارج اور شیلنگ کی شدید مذمت کی۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے پولیس نے ہزاروں کی تعداد میں شیل فائر کیے جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ امدادی کارروائی کے لیے پہنچا تو اس پر بھی شیلنگ کی گئی جس سے ایک فائر ورکر زخمی ہوا، 50 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ریاستی جبر دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور پرامن احتجاج کو روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، پورا پاکستان اہلِ کراچی کے ساتھ کھڑا ہے اور آج ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے شہر کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دانستہ طور پر نظر انداز کیا جا رہا ہے، حالانکہ مشکل حالات میں بھی شہر سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، بچوں کے گٹروں میں گرنے کے واقعات اور گل پلازہ میں آتشزدگی جیسے سانحات حکومتی نااہلی کا ثبوت ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا احتجاج،اٹک پل سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اہم راستے بند

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ریڈ لائن اور کریم آباد منصوبوں کے نام پر شہر کو تباہ کیا جا رہا ہے جبکہ شہریوں کو باعزت ٹرانسپورٹ تک میسر نہیں، نوجوان میدان نہ چھوڑیں بلکہ پُرامن احتجاج جاری رکھیں۔

انہوں نے پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار نہ بنیں اور عوام کے مفاد کو مدنظر رکھیں، انہوں نے صوبائی وزراء، خصوصاً شرجیل میمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود آ کر حالات کا جائزہ لیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام قابض میئر اور قابض نظام کو قبول نہیں کریں گے اور شہر کو اس کا حق دینا ہوگا۔

Scroll to Top