سیاسی بساط پر نئی چال، عمران خان کے قریبی ساتھی مراد سعید سینیٹر شپ سے مستعفی

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور بانی چیئرمین عمران خان کے اہم ساتھی مراد سعید نے احتجاجاً سینیٹرشپ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

مراد سعید نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ استعفیٰ پارٹی کے نگران چیئرمین بیرسٹر گوہر اور جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کو بھجوا دیا ہے۔

مراد سعید نے پارلیمنٹ سے اجتماعی استعفوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ، قومی اسمبلی، پنجاب اور سندھ اسمبلی سے یک مشت استعفے دیے جائیں۔

مراد سعید نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی معالجین کی موجودگی میں فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان گزشتہ 36 گھنٹوں سے شاہراہیں بند کیے ہوئے ہیں اور ملک بھر میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے، مراد سعید کے مطابق پرامن دھرنے دینے والے اراکین کو پارلیمنٹ میں محصور کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق خبروں پر پی ٹی آئی کا ردعمل

پی ٹی آئی رہنما سعید نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جڑوں پر وار کرنے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے سخت سیاسی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

Scroll to Top