اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم اسلام آباد میں تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
مری، گلیات اور گرد و نواح میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ زیریں بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔
اس دوران کوئٹہ، چمن، پشین، مسلم باغ، ژوب، زیارت، بارکھان، سبی، قلات، کیچ، پنجگور، واشک، خاران، خضدار اور گوادر میں کچھ شہروں بارش ہو بھی گئی۔
خیبرپختونخوا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس میں وزیرستان، لکی مروت، پارا چنار، کرک اور بنوں شامل ہیں۔
سندھ کے ساحلی اور مغربی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جس سے بعض علاقوں میں ہلکی بارش یا بادل چھانے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تیز ہواؤں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خصوصاً بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں۔
یہ بھی پڑھیں : پہلے روزے کے بارے میں محکمہ موسمیات کا بڑا اعلان
جبکہ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ماہ رمضان کا آغاز 19 فروری سے ہونے کا امکان ہے، کیونکہ رمضان کا چاند 18 فروری کی شام نظر آنے کا امکان ہے۔ یہ 29 شعبان 1447 ہجری کے مطابق بدھ کے روز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فلکیاتی پیرامیٹرز کے مطابق چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بجکر 1 منٹ پر متوقع ہے، اور 18 فروری کی شام غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 48 منٹ سے زائد ہو گی، جس سے اسے دیکھنا آسان ہوگا۔
ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً 59 منٹ کا فرق ہوگا، جو چاند کے دیکھنے کے لیے سازگار حالات فراہم کرے گا۔ اکثر علاقوں میں موسم صاف رہنے کی توقع ہے، جس سے رویتِ ہلال میں آسانی ہو گی۔
ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے پہلے روز کی رویتِ ہلال کی تصدیق مختلف علاقوں میں مختلف ہو سکتی ہے، لیکن ابتدائی فلکیاتی حسابات کے مطابق 19 فروری سے رمضان کی آمد متوقع ہے۔
یہ پیشگوئی عوام کو ماہِ صیام کے لیے تیار رہنے اور عبادات کے آغاز کی تیاری کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔





