سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کو جیل کے ایک مخصوص کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے جو سات سیلز پر مشتمل ہے اور اس کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہداری ہے، جبکہ کمپاؤنڈ کے ساتھ ایک لان بھی منسلک ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق، بانی پی ٹی آئی کو لان میں چہل قدمی کی سہولت حاصل ہے جہاں وہ کتابیں اور اخبارات پڑھتے ہیں اور دھوپ بھی سینکتے ہیں۔ کمپاؤنڈ میں مجموعی طور پر 30 سے 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کو قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی دی جا رہی ہے اور انہیں بہتر کلاس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ورزش کے لیے انہیں سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان بھی دستیاب ہے۔
خوراک کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ، چیا سیڈز اور انار کا جوس شامل ہوتا ہے۔ دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغی، مٹن، سلاد اور اچار کے علاوہ بعض اوقات آلو چپس، انڈا فرائی اور مکس دال بھی دی جاتی ہے۔ مزید براں، بادام، کشمش، ناریل پاؤڈر، دودھ، کھجور، کیلا اور سیب پر مشتمل شیک بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام سہولیات جیل قوانین کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں اور سیکیورٹی کے مکمل انتظامات موجود ہیں۔
سپریم کورٹ میں پیش کی گئی اس رپورٹ کے بعد کیس کی سماعت جاری ہے، جس میں عمران خان کے ذاتی معالجین کی رسائی اور طبی سہولیات کی تفصیلات بھی زیر غور آئیں گی۔





