رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

پاکستان میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں جاری ہے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی متعلقہ ہیڈکوارٹرز پر ہورہے ہیں۔

رمضان کے چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

اجلاس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران، ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زین العابدین شریک ہیں۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان المبارک کل ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا، اور آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔ آج آنکھ سے چاند دیکھنے کے امکانات موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق چاند آج شام 5 بج کر 54 منٹ پر طلوع ہوگا اور 6 بج کر 52 منٹ تک نظر آنے کے امکانات ہیں۔ تاہم لاہور اور گرد و نواح میں بادلوں کی وجہ سے چاند دیکھنے کے امکانات کم ہیں۔ پشاور میں اگر مطلع صاف رہا تو چاند کے نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔

Scroll to Top