پشاور میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت کی تصدیق ہو گئی ہے اور کل ملک بھر میں پہلا روزہ ہوگا، جبکہ حتمی اعلان کچھ دیر میں کیا جائے گا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی صدارت میں اجلاس جاری ہے، جس میں مرکزی اور زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے ممبران شریک ہیں۔ اجلاس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین بھی شریک ہیں۔
چیئرمین کمیٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے میں حصہ لیں اور کہا کہ ان شاءاللہ اس سال ملک بھر میں رمضان کا آغاز ایک ساتھ ہوگا۔
پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مفتی عتیق اللہ کے مطابق کمیٹی کو اب تک 40 شہادتیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں اپر دیر سے پانچ اور ضلع مہمند سے چھ شہادتیں شامل ہیں۔
سپارکو کے ترجمان کے مطابق چاند 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوا، اور آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے اور 48 منٹ ہوگی۔ آج آنکھ سے چاند دیکھنے کے امکانات موجود ہیں اور رویت کا حتمی اعلان مرکزی کمیٹی کرے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند شام 5 بج کر 54 منٹ پر طلوع ہوگا اور 6 بج کر 52 منٹ تک دیکھا جا سکے گا۔ تاہم لاہور اور گرد و نواح میں بادلوں کی وجہ سے چاند دیکھنے کے امکانات کم ہیں۔ پشاور میں اگر مطلع صاف رہا تو چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔





