پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد کل بروز جمعرات ملک بھر میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس آج پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شرعی شہادتوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے سائنسی اور فنی معاونت فراہم کی، جبکہ زونل کمیٹی کے اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کر کے ملک کے دیگر حصوں سے موصول ہونے والی اطلاعات سے آگاہ کیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد نے باضابطہ اعلان کیا کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے چاند نظر آنے کی ٹھوس اور شرعی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے تمام شہادتوں کی تصدیق کے بعد اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ یکم رمضان المبارک کل ہو گی۔





