واشنگٹن: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف واشنگٹن میں منعقد ہونے والے غزہ امن بورڈ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کی حمایت کا اظہار کریں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کی صورتحال پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں اور جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور پاکستان غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ جنگ بندی کا مکمل احترام کیا جانا چاہیے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقل اور منصفانہ امن کے لیے باہمی احترام پر مبنی سفارت کاری ضروری ہے، جبکہ فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار ہر صورت میں تسلیم کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کیے بغیر کوئی بھی حل قابل عمل نہیں ہو سکتا۔
نائب وزیراعظم نے غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کے کسی بھی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم واشنگٹن روانہ، بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کریں گے
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں، جہاں ان کی امریکی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔
ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی امن سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پاکستان نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور خطے میں منصفانہ و پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔





