پشاور کے علاقے بیری باغ میں نہر کے پشتے کی تعمیر کے دوران مٹی کا تودہ اور حفاظتی دیوار گرنے سے دو مزدور ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیوحکام کے مطابق بیری باغ کے مقام پر نہر کی تعمیراتی باؤنڈری وال اچانک زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں وہاں مصروفِ عمل دو مزدور ملبے کے نیچے پھنس گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ بھاری مشینری اور جدید آلات کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچا اور فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کے طویل آپریشن کے بعد دونوں مزدوروں کی لاشیں نکال لیں۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر پشاور، افتخار خان کی زیرِ نگرانی کیے جانے والے اس آپریشن میں ریسکیو کی ڈیزاسٹر وہیکل، تین ایمبولینسز اور 36 اہلکاروں نے حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیموں نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ ملبہ ہٹانے کا عمل جاری رکھا۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق آپریشن کے دوران دونوں لاپتہ مزدوروں کی جسدِ خاکی نکال لی گئی ہیں جن کی شناخت شہزاد اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔
ریسکیو حکام نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں سے انہیں ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔





