مانسہرہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال سے لاکھوں روپے کی الٹرا ساؤنڈ مشین چوری

مانسہرہ: ضلع کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال کے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ سے لاکھوں روپے مالیت کی الٹرا ساؤنڈ مشین چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

ترجمان کنگ عبداللہ ہسپتال کے مطابق نامعلوم ملزمان نے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تالے توڑ کر الٹرا ساؤنڈ مشین چوری کی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چوری ہونے والی مشین کی مالیت تقریباً 4 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو موٹر سائیکل پر لے جانے والے ایک شخص اور اسپتال کے ایک سوئپر کو سہولت کاری کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ مرکزی ملزم کی تصاویر تمام تھانوں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اس کی جلد گرفتاری ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع دینے والے کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ واردات کے وقت ڈیوٹی پر موجود سیکیورٹی عملے سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ غفلت یا ممکنہ ملی بھگت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

واقعے کے بعد ہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : ہنگو کے لیے خوشخبری، ڈی ایچ کیو اسپتال میں 30 میڈیکل آفیسرز تعینات

جبکہ دوسری جانب ضلع ہنگو کے عوام کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، جہاں شہید فرید خان ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لیے 30 میڈیکل آفیسرز (ڈاکٹرز) کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ہنگو کے لیے میڈیکل آفیسرز کی تعیناتی کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق تعینات کیے گئے ڈاکٹرز آئندہ چند روز میں ہنگو پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان میڈیکل آفیسرز کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات میں تعینات کیا جائے گا، جس سے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی اور عملے کی کمی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی ہسپتال کے لیے 6 ڈینٹل ڈاکٹرز تعینات کیے گئے تھے، جو اس وقت باقاعدگی سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ نئے ڈاکٹرز کی آمد سے ہسپتال کی کارکردگی میں واضح بہتری آئے گی اور علاج معالجے کی سہولیات مزید مؤثر ہوں گی۔

Scroll to Top