ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو بڑا چیلنج درپیش

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاک نیوزی لینڈ میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کی پوزیشن کمزور ہوگئی ہے۔

گروپ 2 کے افتتاحی میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جس سے سیمی فائنل تک رسائی کا راستہ مزید دشوار ہوگیا۔

قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث کھیل کا آغاز ہی ممکن نہ ہوسکا اور رات 9 بج کر 5 منٹ پر میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا، قوانین کے مطابق دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پاکستان کو اپنے باقی دونوں میچز ہر صورت جیتنا ہوں گے، اگر قومی ٹیم ایک بھی میچ ہارتی ہے تو اگلے مرحلے تک رسائی انتہائی مشکل ہوجائے گی، اس کے ساتھ بہتر رن ریٹ بھی فیصلہ کن اہمیت اختیار کرچکا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: ٹی 20ورلڈکپ:پاک نیوزی لینڈمیچ کےمتعلق بڑی خبر آگئی

گروپ ٹو میں انگلینڈ اور سری لنکا بھی شامل ہیں جبکہ صرف ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، ایسی صورت حال میں پاکستان کے لیے ہر آنے والا میچ کرو یا مرو کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

پاکستان اب اپنے اگلے دو اہم میچز انگلینڈ اور سری لنکا کے خلاف کھیلے گا، انگلینڈ کے خلاف مقابلہ 24 فروری کو شیڈول ہے۔

Scroll to Top