وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ اراکین کو عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ خط ارسال کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو درپیش مسائل کا بروقت ازالہ ہونا چاہیے۔
خط کے مطابق وزیر اعلیٰ نے ’عوام کا احساس‘ کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیا ہے، جس کا مقصد عوام اور حکومتی اداروں کے درمیان براہِ راست رابطے کو مضبوط بنانا ہے۔ ہدایت کی گئی ہے کہ ہر محکمہ ماہانہ بنیادوں پر کھلی کچہریوں کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف عوامی شکایات کا فوری ازالہ ممکن ہوگا بلکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ وزیر اعلیٰ نے تمام کابینہ اراکین اور متعلقہ سیکریٹریز کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں اور عملدرآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔





