بنوں، زیرِ حراست ٹی ٹی پی کمانڈر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

خیبر پختونخوا کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے بنوں میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک گرفتار کمانڈر کو ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زیرِ حراست دہشت گرد کمانڈر اسامہ عرف دانیال المعروف باغی اتوار کے روز دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا، اسامہ نئی دہشت گرد تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان کا سرگرم رکن اور مبینہ ماسٹر مائنڈ تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کی تفتیشی ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، اس دوران دہشت گردوں نے اسامہ کو چھڑانے کی کوشش کی تاہم کراس فائرنگ میں وہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گیا۔

سی ٹی ڈی ٹیم شمالی وزیرستان کے اسسٹنٹ کمشنر شاہ ولی خان پر ہونے والے سابقہ حملے کی جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے جا رہی تھی کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا، جوابی کارروائی میں ایک اور دہشت گرد، کامیاب خان عرف اخلاص یار ولد نبوت خان سکنہ کابل خیل شیوا، شمالی وزیرستان بھی مارا گیا۔

حکام کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے ایک کلاشنکوف بمعہ دو میگزین، دو دستی بم، کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کارڈ اور ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی تیز رفتار کارروائی! افغانستان میں فتنہ الخوارج کے مراکز نشانہ، دہشتگرد قیادت ہلاک

فائرنگ کے تبادلے کے دوران سی ٹی ڈی کی بکتر بند گاڑی (اے پی سی) کو گولیوں سے نقصان پہنچا، تاہم اس میں سوار اہلکار محفوظ رہے۔

Scroll to Top