باجوڑ، ایل پی جی کی گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 دکانیں سیل

ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے عوامی ریلیف کے لیے ایل پی جی اور زرعی اسٹورز کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی۔

اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر خار ڈاکٹر صادق علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عادل اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خار ٹو نے مختلف مقامات پر چھاپے مارے، جن میں اوگرا نرخنامے کی خلاف ورزی اور زائد قیمت وصول کرنے پر 4 ایل پی جی ڈیلرز اور ریٹیلرز کی دکانیں موقع پر سیل کر دی گئیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد رفیق گنڈاپور کی زیر صدارت ڈی سی کانفرنس ہال میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں اے سی خار اور اے اے سی نواگئی سمیت ایل پی جی پلانٹ منیجرز اور ڈسٹری بیوٹرز نے شرکت کی، انتظامیہ نے تمام پلانٹ مالکان اور ڈیلرز کو پابند کیا کہ وہ فوری طور پر تمام رسیدیں، واؤچرز اور اسٹاک رجسٹر پیش کریں۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ باجوڑ میں ایل پی جی کی قیمتیں اوگرا پالیسی کے مطابق لائی جائیں گی اور جو پلانٹس یا ڈیلرز قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام رہیں گے، انہیں بھی سیل کر دیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے ذریعے عوام کو لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

Scroll to Top