پاکستان کی افغانستان میں برق رفتار کارروائی: فتنہ الخوارج کے ٹھکانے تباہ، دہشت گرد قیادت ہلاک

افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کی پاکستان میں کی جانے والی دہشتگردی کے تناظر میں، پاکستان نے افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔

یہ کاروائی مستند انٹیلی جینس کی بنیاد پر فتنہ الخوارج اور ان سے منسلک دیگر دہشت گرد گروہوں جنہوں نے وقتاً فوقتاً پاکستان میں ہونے والے حملوں کی ذمہ داری قبول کی کے خلاف عمل میں لائی گئی۔

یہ کاروائی پاکستان کے ان دہشتگردوں کے خلاف کی گئی جو پاکستان کے عوام اور سیکورٹی فورسز پر حملوں کے مرتکب ہونے بعد افغانستان میں پناہ لئے ہوئے تھے۔ اس سلسلے میں افغان شہریوں یا سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کا تاثر سراسر جھوٹ اور پروپیگنڈا ہے۔

ان کاروائیوں میں چار مقامات ننگرہار، خوست، پکتیکا اور پکتیا میں موجود فتنہ الخوارج کے 7 ٹھکانوں کو credible انٹیلی جینس کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا۔

ان کاروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کی آپریشنل سطح کی قیادت کی ہلاکتوں کی باوثوق اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ فتنہ الخوارج کے ان مراکز میں متعدد دہشتگردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پاکستان نے مصدقہ اطلاعات اور مکمل ثبوتوں کے ساتھ افغان طالبان رجیم سے فتنہ الخوارج اور اس سے منسلک ذیلی دہشتگرد گروہوں کی افغانستان میں موجودگی کا معاملہ اٹھایا ہے۔ افغانستان کی جانب سے سنجیدہ کوششوں کی غیر موجودگی میں پاکستان نے اپنی قومی سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر یہ کاروائی کی۔

پاکستان امید کرتا ہے کہ افغانستان طالبان رجیم پاکستان کی سلامتی سے جڑے معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی سرزمین کو ان دہشتگرد گروہوں سے پاک کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔

معصوم عوام اور مساجد کو نشانہ بنانے والے ان دہشتگردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Scroll to Top