موبائل ٹیرف اور غیر مجاز کٹوتیاں: پی ٹی اے نے صارفین کو خبردار کردیا

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل ٹیرف، سروس کے معیار اور غیر مجاز کٹوتیوں سے متعلق حالیہ خبروں پر وضاحت جاری کر دی ہے۔

پی ٹی اے کے بیان کے مطابق ادارہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے مکمل طور پر متحرک اور پُرعزم ہے۔ اس سلسلے میں، منظم اور متوازن ٹیرف نظام کو یقینی بنانے کے لیے موبائل ٹیرف ریگولیشنز 2025 نافذ کر دی گئی ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ضوابط کے تحت نمایاں مارکیٹ پاور رکھنے والے آپریٹرز کسی بھی نئے پیکیج کے اجرا یا موجودہ نرخوں میں تبدیلی سے قبل پی ٹی اے سے پیشگی منظوری کے پابند ہیں۔

اس کا مقصد صارفین کو غیر ضروری اضافی بوجھ سے بچانا اور مارکیٹ میں شفافیت قائم رکھنا ہے۔

پی ٹی اے نے مزید کہا کہ دیگر آپریٹرز کاروباری بنیادوں پر نرخ مقرر کر سکتے ہیں، تاہم اگر کوئی ٹیرف صارفین کے مفاد کے خلاف پایا گیا تو پی ٹی اے کو مداخلت کا مکمل اختیار حاصل ہے۔

اس اقدام کے ذریعے صارفین کی سہولت اور مارکیٹ میں منصفانہ مقابلہ برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کم آمدنی والوں کے لیے خوشخبری: بجلی اور گیس کے بلوں میں ریلیف

پی ٹی اے نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر مجاز کٹوتی یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر ادارے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق یہ ریگولیشنز نہ صرف صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم ہیں بلکہ ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ میں شفافیت اور مستحکم کاروباری ماحول کو بھی فروغ دیں گی۔

Scroll to Top