شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کو مانسہرہ میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فتنہ الخوارج کے حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کو مانسہرہ میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

نماز جنازہ میں اہل خانہ، فوجی افسران اور شہریوں نے شرکت کی، جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی جرات اور قربانی کو ہمیشہ یاد رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

واضح رہے کہ بنوں میں ہونے والے اس حملے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور ایک سپاہی شہید ہو گئے تھے۔

اس دوران سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 فتنہ الخوارج دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا اور علاقے کو ایک بڑے سانحہ سے بچا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے اس آپریشن میں نہ صرف حملہ ناکام بنایا گیا بلکہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے منصوبے بھی خاک میں ملا دیے گئے، جس سے عوام اور سیکیورٹی فورسز دونوں کے لیے محفوظ ماحول قائم رہا۔

شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز کی قربانی کو فوجی حلقوں میں حوصلہ اور جرات کی مثال کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، اور ان کی خدمات کو ہمیشہ خراج تحسین کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : بنوں میں بھارتی پراکسی خوارج کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، آئی ایس پی آر

یاد رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے، آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خوارج کی موجودگی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے سے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جرات مندانہ کارروائیوں کے لیے معروف تھے۔

واضح رہے کہ خوارج رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان کے اندر دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

Scroll to Top