اسپین: یورپ میں رہائش اختیار کرنے کے خواہشمند سمندر پار پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے، کیونکہ اسپین نے ایک نیا اور آسان ریذیڈنٹ کارڈ آپشن متعارف کرایا ہے، جس کے تحت اہل پاکستانی ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے رہائشی کارڈ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے اسپینش ریذیڈنٹ کارڈ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں وزارت خارجہ پاکستان کی طرف سے اس پالیسی کی مکمل حمایت کی گئی، جبکہ اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے تفصیلی بریفنگ دی۔
یہ نئی پالیسی سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کے لیے نہیں ہے، اور درخواست گزاروں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔
اہل پاکستانی کو ابتدا میں ایک سال کے لیے رہائشی کارڈ دیا جائے گا، جس کے بعد سات سے آٹھ سال بعد مستقل رہائش اور شہریت حاصل کرنے کا امکان ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : حج کی پہلی پرواز کب؟ تاریخ فائنل، عازمین کے لیے اہم اطلاع
محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ درخواست گزاروں کو ہر سطح پر مکمل سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے لیے عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔
سالک حسین نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملنے کا یہ اقدام خوش آئند ہے اور یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت میں اہم قدم ہے۔





