پشاور: حکومت خیبر پختونخوا نے ماہِ رمضان المبارک کے موقع پر مستحق شہریوں کے لیے خصوصی رمضان پیکج کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر میں 10 لاکھ خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ہر مستحق خاندان کو 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔
درخواست دینے کا طریقہ
حکام کے مطابق پیکج سے استفادہ حاصل کرنے کے لیے شہریوں کو اپنے علاقے کے متعلقہ ناظم، کونسلر یا مقامی صدرسے رابطہ کرنا ہوگا۔
درخواست گزار اپنے قومی شناختی کارڈ کی کاپی پر اپنا فعال موبائل نمبر درج کریں گے، اور موبائل کمپنی کا نام بھی لازمی شامل ہوگا، جیسے جاز، یو فون یا دیگر نیٹ ورک۔
شناختی کارڈ کی کاپیاں مقامی نمائندوں کے ذریعے ضلعی انتظامیہ کو بھیجی جائیں گی، اور تصدیقی عمل مکمل ہونے کے بعد چند روز میں امدادی رقم مستحق افراد کے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے جاری کر دی جائے گی۔
تصدیقی عمل اور رقم کی وصولی
حکام نے بتایا کہ درخواست گزار کے فراہم کردہ موبائل نمبر پر تصدیقی کوڈ بھیجا جائے گا۔ کوڈ موصول ہونے کے بعد مستحق فرد قریبی ایزی پیسہ شاپ پر جا کر اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ کوڈ دکھائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : آئی فون 17E: انٹری لیول مگر طاقتور، شائقین کے لیے خوشخبری
رقم وصول کرنے کے لیے بائیومیٹرک تصدیق یعنی انگوٹھا لگانا لازمی ہوگا۔ اس طریقہ کار سے رقم مکمل طور پر محفوظ طریقے سے جاری کی جائے گی اور کوئی دوسرا شخص متعلقہ فرد کی اجازت اور بائیومیٹرک تصدیق کے بغیر رقم وصول نہیں کر سکے گا۔
عوام سے اپیل
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت اپنے شناختی کارڈ کی کاپیاں متعلقہ نمائندوں کے پاس جمع کرائیں تاکہ رمضان پیکج سے بروقت فائدہ اٹھایا جا سکے۔
یہ اقدام خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں مستحق شہریوں کی مالی مدد اور آسان، محفوظ اور شفاف طریقے سے امداد فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔





