پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے صارفین کی سہولت اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیتے ہوئے ڈیجیٹل اسسٹنٹ لانچ کر دیا ہے۔
پی ٹی اے حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو ٹیلی کام سروسز سے متعلق درپیش مسائل اور شکایات کے طریقہ کار کے بارے میں فوری رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اب صارفین آن لائن پورٹل کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کے ذریعے بھی پی ٹی اے ڈیجیٹل اسسٹنٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اس سہولت کے لیے واٹس ایپ نمبر 03150055055 جاری کر دیا گیا ہے جہاں صارفین کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔
ڈیجیٹل اسسٹنٹ ایک مینو ڈرِون سسٹم کے تحت کام کرے گاجس میں صارفین کو خودکار جوابات کی سہولت میسر ہوگی۔ یہ سسٹم مینو کے ذریعے صارفین کو ان کے سوالات کے فوری جواب فراہم کرے گا اور شکایات درج کروانے کے عمل کو مزید آسان بنائے گا۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل اسسٹنٹ کی بدولت صارفین کو اپنی شکایات کے حل کے لیے انتظار نہیں کرنا پڑے گا اور بہتر صارف سہولت کے ذریعے ٹیلی کام سیکٹر میں شفافیت کو فروغ ملے گا۔





