پاک فوج کا افغانستان پر حملہ، پاک فضائیہ کا قندھار پر دھاوا، افغان طالبان غاروں میں پناہ لینے لگے

اسلام آباد : پاک افغان سرحد پر کشیدگی انتہائی سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے افغان جارحیت کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جس میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے قندھار میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر دھاوا بول دیا ہے، جبکہ دوسری جانب سرحدی علاقوں میں افغان طالبان نے اپنی شکست کا بدلہ معصوم شہریوں سے لینا شروع کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے افغان سرزمین سے ہونے والی مسلسل دہشت گردی اور سرحدی جارحیت کے جواب میں سخت فوجی کارروائی کی ہے۔

پاک فضائیہ نے قندھار میں اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد افغان طالبان رجیم کے اہلکار اپنی جانیں بچانے کے لیے پہاڑوں اور غاروں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

میدانِ جنگ میں پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حدود سے فائر کیے گئے مارٹر گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔

ان حملوں کے نتیجے میں پانچ عام شہری شدید زخمی ہو گئے، جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر خار اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آپریشن “غضب للحق” پاک فوج کا تاریخی جوابی وار، افغان طالبان تورخم بارڈر چھوڑ کر فرار

افغان طالبان کی جانب سے شہری آبادی پر حملوں کے خلاف باجوڑ کے عوام میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔ مقامی عمائدین نے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے دشمن کو خبردار کیا ہے کہ ایسی بزدلانہ حرکتیں پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج افغان طالبان کے ہر بزدلانہ حملے کا بھرپور اور قہر انگیز جواب دے رہی ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کسی بھی سرحدی جارحیت کا مؤثر اور فوری جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور دشمن کو اس کی ہر حرکت کا بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

Scroll to Top