پاک افغان کشیدگی، ترکیہ اور قطر نے پاکستان اور افغانستان سے رابطے تیز کر دیے

اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ترکیہ اور قطر نے ثالثی کے لیے دونوں ممالک کے حکام سے رابطے تیز کر دیے ہیں تاکہ تنازع جلد از جلد پرامن طریقے سے حل ہو سکے۔

معروف صحافی اعزاز سید کی رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے اس معاملے میں متحرک کردار ادا کیا اور پاکستان اور افغانستان کے وزرائے خارجہ سے فون پر رابطہ کیا۔

ترک وزیر خارجہ خاقان فیدان نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بات چیت کے بعد افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی رابطہ کیا۔

اسی طرح قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ نے بھی دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ رابطے کیے تاکہ امن و مصالحت کی کوششیں آگے بڑھ سکیں۔ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ سے بھی فون پر رابطہ کیا اور تنازعے کے پرامن حل پر تبادلہ خیال کیا۔

علاوہ ازیں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی مخلصانہ کردار کی پیشکش کی۔ مصر اور سعودی عرب نے بھی رابطے کیے اور صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ چین اس معاملے پر گہری تشویش رکھتا ہے اور دونوں ممالک سے فوری حل کی اپیل کی ہے۔ روس نے بھی کشیدگی پر تشویش ظاہر کی، جبکہ امریکا کی جانب سے اب تک کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹی پی یا پاکستان کسی ایک کا چنائو کرلیں ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا افغانستان کو دیا گیا دو ٹوک پیغام سوشل میڈیا پر پھر وائرل

دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ طالبان حکومت یا کسی دہشت گرد گروہ کی مزید اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ثالثی کی کوششیں جاری ہیں اور پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر چوکس ہے۔

Scroll to Top