وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے حوالے تازہ ترین تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں اب تک 352 افغان طالبان ہلاک اور 535 سے زائد شدید زخمی ہو چکے ہیں جبکہ افغانستان کے اندر 41 مختلف مقامات کو فضائی کارروائیوں میں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق اس آپریشن کے دوران دشمن کی 130 چیک پوسٹیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئی ہیں اور 26 اہم ترین پوسٹوں پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے اپنا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ عسکری ساز و سامان کے حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دشمن کے 171 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں بھی اس کارروائی میں تباہ ہو چکی ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق یہ تمام اقدامات سرحد پار سے ہونے والی مسلسل اشتعال انگیزی اور حملوں کے دندان شکن جواب کے طور پر کیے گئے ہیں جس کے بعد اب سرحد کے تمام سیکٹرز پر پاکستانی دفاعی پوزیشنز انتہائی مستحکم ہو چکی ہیں۔





