ایران : ایران نے ایک بار پھر اسرائیل پر میزائل حملوں کا نیا سلسلہ شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ متعدد گاڑیاں اور املاک شدید نقصان کا شکار ہو گئی ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں میزائل گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق مغربی یروشلم میں ہونے والے حملے میں 7 شہری زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق تل ابیب، یروشلم اور مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی میزائل حملے کیے گئے، جس کے بعد شہریوں کو حفاظتی بنکروں میں منتقل کیا گیا اور سائرن بجنے کے بعد عوام میں اضطراب پھیل گیا۔
ادھر اردن نے میزائل حملوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کر لیا ہے۔ اردنی حکومت نے علاقائی کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تمام فریقوں سے امن قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ نے امریکا کو اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی، کیئر اسٹارمر کا اعلان
اسرائیلی حکومت نے ملک بھر میں نافذ ایمرجنسی کی مدت میں 12 مارچ تک توسیع کر دی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
فوجی اور حفاظتی اداروں نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔





