شاہد جان
پشاور : خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے رات گئے اچانک صوبائی اسمبلی اور ایم پی اے ہاسٹل کا دورہ کیا۔ اسپیکر کے دورے کا مقصد سیکیورٹی انتظامات کا موقع پر جا کر تفصیلی اور حقیقی جائزہ لینا بتایا گیا ہے۔
دورے کے موقع پر اسپیکر کے ہمراہ اسمبلی انتظامیہ، ایم پی اے ہاسٹل انتظامیہ اور سیکیورٹی برانچ کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے تاکہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ پیش کیا جا سکے۔
اس دوران حکام نے اسپیکر کو موجودہ سیکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم اور تعینات عملے کی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اسپیکر نے انتظامات کا بغور جائزہ لیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اسمبلی اور ایم پی اے ہاسٹل میں سیکیورٹی اقدامات ہر ممکن حد تک مؤثر اور محفوظ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں : مردان کے رستم میں دوبئی اڈہ چوکی پر حملہ، حملہ آور فرار، پولیس ہائی الرٹ
اسپیکر بابر سلیم سواتی نے سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کو فوری ضروری ہدایات جاری کیں اور داخلی و خارجی راستوں، نگرانی کے نظام اور سیکیورٹی عملے کی تعیناتی کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دی۔
اس اقدام سے اسپیکر نے واضح کر دیا ہے کہ اسمبلی اور ایم پی اے ہاسٹل میں سیکیورٹی کے معیار کو مسلسل بہتر بنانا ان کی اولین ترجیح ہے، تاکہ تمام اراکین اسمبلی اور عملہ محفوظ ماحول میں کام کر سکیں۔





