دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں امریکی قونصل خانے کے قریب آج زور دار دھماکوں کے بعد آگ اور دھویں کے بادل دیکھے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ریاستہائے متحدہ امریکہ کا قونصل خانہ دبئی میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد عمارت کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور آسمان پر سیاہ دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا، جس نے عارضی طور پر علاقے میں شدید خوف و ہراس پیدا کیا۔
تاہم دبئی میڈیا آفس نے تصدیق کی ہے کہ ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ پر فوری طور پر قابو پا لیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، اور متعلقہ اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے دبئی برج خلیفہ کے قریب فائیو سٹار ہوٹل پر میزائل داغ دیا
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فضائی نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تمام ممکنہ پہلوؤں پر تحقیق جاری ہے۔
دبئی حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قریبی علاقوں میں غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔





