تہران : ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو مقدس شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا، تاہم دن اور تقریب کی تفصیلات کا باقاعدہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی فارس کی رپورٹ کے مطابق رہبر انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کو ایک بہت بڑی یادگاری تقریب کے بعد مشہد میں دفن کیا جائے گا۔
تقریب کی تمام تفصیلات اور پروگرام متعلقہ عہدیداروں کی منظوری کے بعد جاری کیے جائیں گے۔ مشہد شہر آیت اللہ خامنہ ای کا پیدائشی شہر بھی ہے، اور ان کے والد امام رضا کے مزار کے احاطے میں مدفون ہیں۔
گذشتہ روز امریکی حملے میں آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے تھے۔ ایرانی حکام نے اپنے سپریم لیڈر کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ حملے کے وقت آیت اللہ خامنہ ای اپنے دفتر میں موجود تھے اور مشیروں سے ملاقات کے دوران نشانہ بنائے گئے۔
آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد ملک بھر میں 40 روزہ سوگ اور 7 روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا۔ مزید براں آیت اللہ علی خامنہ ای کی اہلیہ بھی اپنے شوہر کی شہادت کے اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں، جس سے ملک میں غم و سوگ کی فضا مزید گہری ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں : آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے سپریم لیڈر منتخب
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ایران بلکہ عالمی سطح پر بھی شدید ردعمل اور غم و غوص کی لہر دوڑا دی ہے۔ مختلف ممالک اور عالمی اداروں کی جانب سے اس واقعے پر گہری تشویش اور ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔
ایران میں سپریم لیڈر کی وفات کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی اور مذہبی صورتحال کی حساسیت کے پیش نظر حکام نے سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں اور ملک میں امن و امان کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری ہدایات جاری کی گئی ہیں۔




